ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میرٹھ ہاسپٹل میں مسلم مریضوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا واقعہ؛ کورونا متاثرین کا علاج نہ کرنے کا اشتہار اخبارات میں جاری، مقدمہ درج

میرٹھ ہاسپٹل میں مسلم مریضوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا واقعہ؛ کورونا متاثرین کا علاج نہ کرنے کا اشتہار اخبارات میں جاری، مقدمہ درج

Mon, 20 Apr 2020 13:38:57    S.O. News Service

میرٹھ ،20؍ اپریل (ایس او نیوز؍ پی ٹی آئی ) کورونا وائرس کی وبا ء جہاں ملک بھر میں شدت اختیار کرتی جارہی ہے بالکل اتنی ہی شدت سے فرقہ وارانہ وائرس بھی تمام ہندوستان میں پھیلتا جارہا ہے، چنانچہ میرٹھ کے ایک کینسر ہاسپٹل نے یہ اشتہار جاری کیا کہ مسلمانوں کو اسی صورت میں اسپتال میں شریک ہونے کی اجازت دی جائے گی جب وہ کورونا وائرس سے محفوظ ہوں اور نیگیٹو رپورٹ پیش کریں۔ یہ واقعات سامنے آتے ہی ہاسپٹل انتظامیہ پر پولسی نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ویالنٹس کینسر ہاسپٹل کا ایک اشتہار اخبارات میں شائع ہوا تھا، اس میں یہ بھی قابل اعتراض بات کہی گئی کہ ہندو اور جین بخیل ہوتے ہیں۔ انہیں کورونا وائرس کی لڑائی کے لیے وزیر اعظم کے فنڈ میں زیادہ سے زیادہ عطیات دینی چاہیے۔ سوشیل میڈیا پر تنقید کیے جانے کے بعد ہاسپٹل نے نیا اشتہار جاری کیا، جس میں معذرت خواہی کی گئی۔ سابقہ اشتہار میں کورونا وائرس کی پھیلتی ہوئی وبائ کے لیے تبلیغی جماعت کو موردِ الزام ٹھہرایا گیا تھا اور مسلم مریضوں کے لیے یہ شرط عائد کی گئی تھی کہ ان ہی مریضوں کا اس ہاسپٹل میں علاج کیا جائے گا جو کورونا سے محفوظ ہوں اور ان کا ٹیسٹ نیگیٹوثابت ہوا ہو۔ ہر مسلم مریض کے لیے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ کا پیش کیا جانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

پولیس نے  ہاسپٹل کے منیجر ہر دیپ جین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس متنازعہ اشتہار سے متعلق استفسار پر میرٹھ کے چیف میڈیکل آفیسر راج کمار نے بتایا کہ یہ بہت غلط بات ہے۔ ہاسپٹل کے انتظامیہ پر کارروائی کی جائے گی۔ ہاسپٹل سے جواب موصول ہونے کے بعد مزید تادیبی اقدامات کیے جائیں گے۔

ہاسپٹل نے آج اتوار کے دن آج ایک اور اشتہار جاری کیا ، جس میں کہا گیا کہ اگر کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہوں تو انتظامیہ معذرت خواہ ہے۔ کورونا وبا ء کا ذکر کرتے ہوئے ہاسپٹل نے کہا کہ تمام مذاہب کے لوگوں کو متحد ہر کر اس وبائ کے خلاف لڑائی لڑنی چاہیے۔


Share: